شخصیات

ابن عبدالبر

امام ابو عمر یوسف بن عبد اللہ بن محمد بن عبد البر النمری القرطبی المالکی، جو عام طور پر ابن عبدالبر کے نام سے مشہور ہیں، اندلس کے ایک نامور محدث، فقیہ، مؤرخ، اور اسماء الرجال کے ماہر تھے۔ آپ کی پیدائش 29 نومبر 978 عیسوی (29 ربیع الثانی 368 ہجری) کو قرطبہ میں ہوئی۔

خاندان اور ابتدائی زندگی:

ابن عبدالبر کا خاندان قرطبہ میں علم و فضل کے حوالے سے ممتاز تھا۔ ان کے والد محمد عبد اللہ بن محمد بن عبد البر قرطبہ کے فقہا اور محدثین میں سے تھے۔ آپ نے خالصتاً علمی و ادبی ماحول میں آنکھ کھولی اور اسی ماحول میں تعلیم و تربیت کے مراحل طے کیے۔ آپ نے قرطبہ میں ہی اس وقت کے جید علما سے درس لیا۔

حصول علم و اسفار:

ابن عبدالبر نے حصول علم کے لیے دور دراز کے علاقوں کا سفر کیا، مغربی اور مشرقی اندلس کی سیر و سیاحت کی۔ وہ علم و فنون میں یکتا تھے، خاص کر قرآن و حدیث، تفسیر و معانی، اسماء الرجال، تاریخ اور فقہ و اصولِ فقہ میں مہارت حاصل تھی۔ ان کی خدمت میں دور دراز سے طلبہ اور علما حاضر ہو کر فیض حاصل کرتے تھے۔

علمی مقام و مرتبہ:

علامہ ابن عبدالبر کو “حافظِ مغرب” کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔ امام ذہبی نے انہیں “احدالاعلام” اور صاحب شذرات نے “العلامۃ العلم” لکھا ہے۔ علامہ سمعانی نے اپنی کتاب “الانساب” میں ان کی علمی وجاہت کو “وہ ایک جلیل القدر بہت بڑے فاضل امام تھے” کے الفاظ میں بیان کیا ہے۔ ابن خلکان نے حدیث میں ان کی علمی شان کو بیان کرتے ہوئے کہا: “وہ حدیث و اثر اور ان کے ساتھ جتنے علوم تعلق رکھتے ہیں ان کے اپنے زمانے میں امام تھے۔” شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی کے مطابق وہ بلادِ مغرب کے کبار اور منتخب علماء میں سے تھے اور ان کا علمی پایہ خطیب، بیہقی اور ابن حزم سے کمتر نہیں تھا۔ ابن عبدالبر کو حفظ و اتقان میں منفرد اور تمام معاصرین سے فائق ہونے کی بنا پر “حافظِ اُندلس” کہلاتے تھے، اسی لیے ابو الولید باجی فرماتے ہیں: “فنِ حدیث میں ابو عمر ابن عبدالبر جیسا اندلس میں کوئی اور نہیں تھا۔”

مناصب و خدمات:

علمی خدمات کے ساتھ ساتھ، ابن عبدالبر نے قاضی کے منصب پر بھی فائز رہے۔ وہ لزبن اور شنتریں کے قاضی رہے۔ بعد ازاں آپ مشرقی اندلس چلے گئے اور بلنسیہ اور دانیہ میں قیام پذیر ہوئے۔ ادبی علوم اور بلاغت میں کمال ہونے کے علاوہ، وہ مقدمات میں بڑے صحیح فیصلے کرتے تھے۔

تصانیف

ابن عبدالبر نے گرانقدر علمی و ادبی تصانیف چھوڑی ہیں، جن میں سے چند اہم درج ذیل ہیں:

  • الاستیعاب فی معرفۃ الاصحاب: صحابہ کرام کے حالات پر یہ ایک بہت ہی عمدہ کتاب ہے۔
  • التمہید لما فی الموطأ من المعانی و الاسانید: اس کتاب کے بارے میں ابن حزم نے فرمایا ہے کہ “میرے علم میں فقہ حدیث پر اس جیسی کوئی کتاب نہیں  ہے۔
  • الدرر فی اختصار المغازی والسیر: سیرت پر ایک مختصر اور مستند کتاب۔
  • جمہرۃ الانساب: نسب ناموں پر ایک اہم کتاب۔

وفات

ابن عبدالبر نے 4 فروری 1071 عیسوی (20 ربیع الثانی 463 ہجری) کو 93 سال کی عمر میں شاطبہ میں وفات پائی۔ ان کا جنازہ ابو الحسن طاہر بن مغفوز المغافری نے پڑھایا۔ ان کی علمی خدمات اور وسیع تصانیف آج بھی اسلامی دنیا کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔

Leave a Comment